اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کے جدید کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کا افتتاح کردیا۔
محسن نقوی نے کمانڈ سینٹر کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور جدید مانیٹرنگ و کمانڈ سسٹم کا جائزہ لیا۔ انہیں سینٹر میں نصب جدید ٹیکنالوجی اور سکیورٹی مانیٹرنگ کے نظام کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔
حکام کے مطابق جدید کمانڈ سینٹر کے ذریعے آئی جی اسلام آباد اپنے دفتر سے سیف سٹی، پولیس آپریشنز اور دارالحکومت کی سکیورٹی صورتحال کو براہِ راست مانیٹر اور کمانڈ کرسکیں گے۔
نئے نظام سے اسلام آباد پولیس کے مختلف شعبوں کے درمیان رابطہ اور کوآرڈینیشن بہتر بنانے کے ساتھ شہر کی نگرانی اور سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔