اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت میں جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں الیکٹرک بسوں کے جدید ڈپو اور اسٹیٹ آف دی آرٹ چارجنگ سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے بس میں خود سفر کر کے فراہم کردہ سہولیات اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس منصوبے کے حوالے سے درج ذیل اہم نکات سامنے آئے ہیں۔ محسن نقوی نے منصوبے کی کامیاب اور بروقت تکمیل پر متعلقہ ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔
اس وقت اسلام آباد میں روزانہ ایک لاکھ 25 ہزار شہری ان الیکٹرک بسوں کے ذریعے سفر کر رہے ہیں۔ حکومت نے مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر یومیہ مسافروں کا ہدف 2 لاکھ 50 ہزار تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔الیکٹرک بسوں اور چارجنگ سینٹر کا قیام شہر میں فضائی آلودگی کم کرنے اور سستی ٹرانسپورٹ کی فراہمی کی جانب بڑا قدم ہے۔