Get Alerts

ایران سے حقیقی معاہدے تک امریکی افواج خطے میں موجود رہیں گی: ڈونلڈ ٹرمپ کا اعلان

ایران سے حقیقی معاہدے تک امریکی افواج خطے میں موجود رہیں گی: ڈونلڈ ٹرمپ کا اعلان


واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے گرد امریکی فوجی طاقت برقرار رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جب تک ایران کے ساتھ ایک "حقیقی اور ٹھوس" معاہدہ طے نہیں پا جاتا، امریکی بحری، ہوائی اور زمینی افواج خطے میں موجود رہیں گی۔
صدر ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی بھی وجہ سے صورتحال غیر متوقع ہوئی یا مذاکرات کی سمت درست نہ رہی، تو امریکا ایران پر دوبارہ حملے شروع کر دے گا۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ یہ حملے ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ "طاقتور اور شدید" ہوں گے۔ تاہم، انہوں نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ ایران کے ساتھ معاہدہ نہ ہونے کا امکان بہت کم ہے۔
امریکی صدر نے اپنے پرانے موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ یہ پہلے ہی طے ہوچکا ہے کہ ایران کے پاس کوئی جوہری ہتھیار نہیں ہوں گے۔ اس کے علاوہ، عالمی تجارت کے لیے اہم بحری گزرگاہ "آبنائے ہرمز" کو ہر صورت کھلا اور محفوظ رکھا جائے گا اور اس میں کسی قسم کی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
صدر ٹرمپ نے ایران کو ہتھیار فراہم کرنے والے ممالک کے خلاف بھی سخت اقتصادی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو ممالک ایران کو اسلحہ یا دفاعی تعاون فراہم کریں گے، ان کی امریکا کو ہونے والی برآمدات پر 50 فیصد ٹیرف (کسٹم ڈیوٹی) عائد کر دیا جائے گا۔

ٹیگز: