اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں شدید موسم کے امکانات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ کے متعدد علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ متاثرہ علاقوں میں کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، سجاول، عمرکوٹ، مٹھی، تھرپارکر، میرپورخاص اور آس پاس کے علاقے شامل ہیں۔
اسی طرح بلوچستان کے کئی علاقوں میں بھی تیز ہوائیں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں، جن میں ژوب، کوئٹہ، زیارت، قلات، قلعہ سیف اللہ، پشین، مستونگ، بارکھان، قلعہ عبداللہ، چمن، نوشکی اور قریبی علاقے شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، محفوظ مقامات پر رہیں اور موسمی تبدیلیوں کے حوالے سے جاری کی جانے والی ہدایات پر عمل کریں تاکہ ممکنہ خطرات سے بچا جا سکے۔