میاں صاحب اپنے خلاف کیسوں میں دباؤ بڑھانا چاہتے ہیں، قمر زمان کائرہ

میاں صاحب اپنے خلاف کیسوں میں دباؤ بڑھانا چاہتے ہیں، قمر زمان کائرہ

 لاہور: پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آج عدالت کے فیصلے کو سازش قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ نواز شریف بار بار یہ بات کرتے ہیں کہ ان کے خلاف سازش ہوئی ہے اور کنٹینر، کنٹینر کرتے خود کنٹینر پر چڑھ گئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا نواز شریف نے خود کہا عدالت جو فیصلہ کرے گی ہم قبول کریں گے اور اب وہ کہتے ہیں سازش ہو گئی ہم ان سے بار بار پوچھتے رہے کہ کون ان کیخلاف سازش کر رہا ہے۔ عدالت نے اب فیصلہ دیدیا لیکن یہ لوگ فیصلے کیساتھ جو کر رہے ہیں وہ دنیا دیکھ رہی ہے۔

قمر زمان نے کہا میاں صاحب ابھی تو آپ کیخلاف صرف ایک فیصلہ آیا آپ کہہ رہے ہیں ملک کیلئے بہت خطرات ہیں اور ہم نے بار بار کہا آپ کو خطرات ہیں تو قومی قیادت کو بتانا چاہیے۔ میاں صاحب اپنے خلاف کیسوں میں دباؤ بڑھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا میاں صاحب آپ ابھی لاڈلے ہیں کیونکہ آپ پر ہاتھ ہولا ہے اور آپ کے خلاف ریفرنس ہونے جا رہا ہے اس لیے پریشان ہیں جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری کو پکڑا پھر ریفرنس بنایا گیا۔

انہوں نے کہا سابق وزیراعظم نواز شریف نے قوم کو اعتماد میں نہیں لیں گے تو یہ قومی جرم ہو گا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما نے اپنے گفتگو میں مزید کہا کہ میاں صاحب سابق وزیراعظم ہیں انہیں اس حد تک سیکیورٹی دینا جائز ہے اور سرکاری ملازمین یاد رکھیں سب کو بھگتنا پڑے گا جبکہ نواز شریف نا اہل ہو چکے جو نااہل ہو جائے وہ پارٹی کا سربراہ نہیں ہوتا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا میاں صاحب جمہوریت کے ٹھیکیدار نہیں ہیں اور پیپلز پارٹی جمہوریت کی بقا اور بحالی کیلئے کام کرتی رہی ہے اور میاں صاحب تو راتوں رات بال بچوں کے ساتھ سعودی عرب چلے گئے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں