لاہور: ایکسپو سینٹر لاہور میں پاکستان کی سب سے بڑی انٹرپرینیوریل ایکسپو ’’سی پاکستان‘‘ کا شاندار آغاز ہو گیا۔ یہ ایکسپو پاکستان ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز (APP SUP) کے پلیٹ فارم سے منعقد کی جا رہی ہے، جس کا مقصد نوجوانوں، اسٹارٹ اپس، تعلیمی اداروں اور صنعتوں کے درمیان رابطے کو فروغ دینا ہے۔
ایکسپو میں چیئرمین ایپ سپ پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے بھی خصوصی شرکت کی، جنہوں نے اس اہم ایونٹ کو تعلیمی اور معاشی ترقی کی طرف ایک مضبوط قدم قرار دیا۔
اس ایکسپو میں 100 سے زائد اسٹارٹ اپس اپنی تخلیقی سوچ، مصنوعات اور سروسز کے ساتھ شرکت کر رہے ہیں، جو ملک بھر سے منتخب کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 10 پینل ڈسکشنز کا انعقاد کیا جا رہا ہے جن میں ممتاز ماہرین، کامیاب کاروباری شخصیات، سرمایہ کار اور پالیسی ساز نوجوانوں کی رہنمائی کریں گے۔
’’سی پاکستان‘‘ کا مقصد نہ صرف انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینا ہے بلکہ پاکستان میں تعلیمی اداروں اور انڈسٹری کے درمیان عملی روابط کو مضبوط کرنا بھی ہے، تاکہ نوجوانوں کو نئے مواقع فراہم کیے جا سکیں اور وہ ملک کی معیشت میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔