لاہور: پاکستان کی سب سے بڑی انٹرپرینیوریل ایکسپو "سی پاکستان" کا لاہور میں شاندار انعقاد ہوا، جس میں ملک بھر سے ہزاروں نوجوان اور سٹارٹ اپس نے حصہ لیا۔ سپیریئر یونیورسٹی کی ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس موقع کو خوش آئند قرار دیا۔
پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان نے کہا کہ "آج کا دن ہمارے لیے مسرت کا باعث ہے۔ سی پاکستان کا اصل مقصد نوجوانوں میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینا اور ملک کی اقتصادی ترقی میں ان کا کردار بڑھانا ہے۔ یہ پروگرام وقت کے ساتھ ایک بڑا پلیٹ فارم بن چکا ہے جو نوکری کی تلاش کی بجائے روزگار پیدا کرنے کی راہ ہموار کرتا ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "یہ ایک خواب اور مشن ہے جو 9 سال قبل شروع کیا گیا تھا، اور آج اس کی کامیابی ہمیں خوشی دیتی ہے۔ سپیریئر یونیورسٹی کا عزم ہے کہ یہاں بے روزگاروں کی فیکٹری نہیں بنے گی بلکہ ہم نوجوانوں کو خود مختار بنانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔"
سی پاکستان کا آغاز اس سال اپریل میں ورلڈ اسٹارٹ اپ چیمپئن شپ سے ہوا، جس میں 118 یونیورسٹیوں کے طلبہ نے رجسٹریشن کروائی جبکہ 200 سے زائد انٹرنیشنل اسٹارٹ اپس نے بھی حصہ لیا۔ مجموعی طور پر 2815 اسٹارٹ اپس نے اس پروگرام میں رجسٹریشن کروائی۔
پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان نے بتایا کہ آج کی تقریب میں 100 بہترین اسٹارٹ اپس کی نمائش کی گئی ہے جس میں 40 فیصد سے زائد خواتین نے شرکت کر کے اس پروگرام کی کامیابی کو نمایاں کیا۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے اسٹارٹ اپ کو 5 لاکھ روپے جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والے کو 2 لاکھ روپے انعامی رقم دی جائے گی۔
پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان نے چیئرمین ایپ سپ، پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس موقع کو فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
سپیریئر یونیورسٹی بے روزگاروں کی فیکٹری نہیں، سی پاکستان سے 2815 سٹارٹ اپ شروع ہوئے، پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان #NeoNews #SeePakistan2025 #SuperiorUniversity #Entrepreneur pic.twitter.com/QleWGdTOfO
— Neo News (@NeoNewsUR) August 9, 2025