اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والے نویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو فورم میں شرکت کے لیے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے بھیجی گئی دعوت قبول کرلی ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس دوران سعودی ولی عہد کی جانب سے 27 تا 30 اکتوبر تک ریاض میں منعقد ہونے والے اس اہم فورم میں شرکت کے لیے دستخط شدہ دعوت نامہ پیش کیا گیا۔
وزیراعظم نے دعوت قبول کرتے ہوئے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا اور اس موقع پر انہوں نے سعودی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی تعلقات، اس کے ساتھ ساتھ خطے کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وزیراعظم کے مشیر طارق فاطمی اور ڈاکٹر توقیر شاہ بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی قیادت کے ساتھ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس فورم میں پاکستان کے معاشی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں ترقی کی راہیں تلاش کی جائیں گی۔