Get Alerts

وزیراعظم شہباز شریف نویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو میں شرکت کے لیے کل ریاض روانہ ہوں گے

وزیراعظم شہباز شریف نویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو میں شرکت کے لیے کل ریاض روانہ ہوں گے

اسلام آباد : پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر نویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو میں شرکت کے لیے کل ریاض روانہ ہوں گے۔ وزیراعظم کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح کا وفد 27 سے 29 اکتوبر تک سعودی عرب کا تین روزہ دورہ کرے گا، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور دیگر سینئر وزرا بھی شامل ہوں گے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کے نویں ایڈیشن کا موضوع "خوشحالی کی کُنجی: ترقی کی نئی راہوں کو کھولنا" ہے، جس میں عالمی رہنما، سرمایہ کار، اور پالیسی ساز شرکت کریں گے۔ اس فورم کے دوران شرکا عالمی چیلنجز اور مواقعوں پر گفتگو کرتے ہوئے جدت، پائیداری، اقتصادی شمولیت، اور جغرافیائی سیاسی تبدیلیوں جیسے اہم موضوعات پر توجہ مرکوز کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی قیادت سے ملاقاتوں کا امکان ہے، جن میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، اور انسانی وسائل کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزیراعظم فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کی سائیڈ لائنز پر دیگر ممالک کے رہنماؤں اور بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں کے ذریعے پاکستان کی سرمایہ کاری کی صلاحیت کو اجاگر کیا جائے گا اور پائیدار ترقی میں تعاون کو آگے بڑھانے کی کوششیں کی جائیں گی۔

دفتر خارجہ کے مطابق، وزیراعظم کا یہ دورہ اقتصادی سفارت کاری کو مزید فروغ دینے، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، اور پائیدار ترقی میں سٹریٹجک شراکت داری کو مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کا مظہر ہے۔

ٹیگز: