Get Alerts

حج 2027: سرکاری سکیم کی درخواستیں اگست کے تیسرے ہفتے سے وصول ہوں گی، اخراجات دو اقساط میں جمع ہوں گے

حج 2027: سرکاری سکیم کی درخواستیں اگست کے تیسرے ہفتے سے وصول ہوں گی، اخراجات دو اقساط میں جمع ہوں گے

اسلام آباد: عازمین حج کے لیے بڑی خوشخبری ہے، حج 2027 کی درخواستوں اور اخراجات کی وصولی کے طریقہ کار کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سرکاری حج سکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی اگست کے تیسرے ہفتے میں شروع کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق سرکاری حج سکیم کے اخراجات تین طریقوں سے جمع کرائے جا سکیں گے۔ عازمین ون لنک، پی ایس آئی ڈی اور کریڈٹ کارڈ کے ذریعے رقوم جمع کرا سکیں گے، جبکہ آن لائن چالان حاصل کرکے نقد رقم جمع کرانے کی سہولت بھی ہوگی۔

بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے حج درخواستیں اور واجبات جمع کرا سکیں گے۔ سرکاری حج اسکیم کے لیے درخواستیں اور رقوم صرف حبیب بینک کے ذریعے وصول کی جائیں گی۔

حج اخراجات دو مساوی اقساط میں وصول کیے جائیں گے، پہلی قسط میں نصف رقم جبکہ باقی رقم دوسری قسط میں ادا کرنا ہوگی۔ صرف پہلے سے رجسٹرڈ عازمین حج ہی درخواستیں اور واجبات جمع کرا سکیں گے۔

سرکاری حج سکیم کی درخواستیں ’’پہلے آئیے، پہلے پائیے‘‘ کی بنیاد پر وصول ہوں گی اور کوٹہ مکمل ہوتے ہی مزید درخواستوں کی وصولی روک دی جائے گی۔ سرکاری اسکیم میں لانگ اور شارٹ حج دونوں کے لیے درخواستیں وصول کی جائیں گی۔

دوسری جانب نجی حج سکیم کی درخواستوں اور واجبات کی وصولی کی حکمت عملی بھی حتمی کرلی گئی ہے۔ نجی اسکیم کے عازمین ون لنک یا پی ایس آئی ڈی کے ذریعے حج اخراجات جمع کرا سکیں گے، جبکہ کریڈٹ کارڈ سے ادائیگی کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

ذرائع کے مطابق حج 2027 کا مجموعی کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 مقرر کیا گیا ہے۔ سرکاری حج سکیم کے لیے 60 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے، جس کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 526 عازمین فریضہ حج ادا کرسکیں گے۔

نجی حج سکیم کے لیے 40 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے، جس کے تحت 71 ہزار 684 عازمین کو حج کی سہولت میسر ہوگی۔

ذرائع وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے حج واجبات کی ادائیگی کو مزید آسان، تیز اور محفوظ بنایا گیا ہے۔ حج درخواست جمع کرانے سے لے کر واجبات کی ادائیگی تک تمام مراحل جدید اور شفاف نظام کے تحت مکمل کیے جائیں گے۔

ٹیگز: