عمران خان نے توہین الیکشن کمیشن کیس کا جیل ٹرائل چیلنج کر دیا

عمران خان نے توہین الیکشن کمیشن کیس کا جیل ٹرائل چیلنج کر دیا

لاہور: سابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے لاہور ہائیکورٹ میں توہین الیکشن کمیشن کیس  کی کارروائی اور جیل ٹرائل کو  چیلنج کر دیا۔


عمران خان کی جانب سے درخواست سلمان اکرم راجہ اور بیرسٹر سمیر کھوسہ نے دائر کی۔

درخواست میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن اور اڈیالہ جیل کے سپرینٹنڈنٹ کو فریق بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے غیرقانونی طور پر توہین الیکشن کمیشن و کمشنر  کی کارروائی شروع کی ہے، الیکشن کمیشن کے پاس توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی کا اختیار نہیں ہے۔

درخواست  میں کہا گیا ہے کہ  الیکشن کمیشن نے کیس کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں کرنے کا فیصلہ بنیادی حقوق کی خلاف کیا ،  جیل میں خفیہ ٹرائل آئین کے آرٹیکل 4 کی خلاف ورزی ہے۔جیل میں خفیہ کارروائی سے اس کی شفافیت متاثر ہو گی۔

عمران خان نے استدعا کی کہ عدالت کیس کو اوپن کورٹ میں کرنے کا حکم دے جس میں عوام  اور وکلا کو آنے کی اجازت ہو ۔ 

لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے13 دسمبر کو اڈیالہ جیل میں فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، عدالت الیکشن کمیشن کا جیل ٹرائل کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔

یاد رہے کہ چند روزپہلے الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں کرنے کی منظوری دیتے ہوئے سماعت 13 دسمبر تک ملتوی کر دی تھی۔

مصنف کے بارے میں