Get Alerts

پاکستان کی معاشی ترقی کی راہ ہموار کرنے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی معاونت کا کلیدی کردار ہے ، شہباز شریف

 پاکستان کی معاشی ترقی کی راہ ہموار کرنے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی معاونت کا کلیدی کردار ہے ، شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی کی راہ ہموار کرنے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،  اور چیف آف ڈیفنس فورسز کا معاونت فراہم کرنا انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عاصم منیر کی معاونت اور قیادت کی بدولت ملک کے معاشی چیلنجز کو کامیابی سے حل کرنے میں مدد ملی ہے۔

وزیراعظم نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے پاکستان میں معاشی اصلاحات اور اقدامات کے مؤثر نفاذ پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی معاشی ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے، خاص طور پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کی مسلسل کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کی حالیہ مالی امداد اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ پاکستان معاشی استحکام اور ترقی کے لیے ضروری اقدامات پر عمل کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کے خطرے سے بچانے اور استحکام کی طرف گامزن کرنے کا مرحلہ انتہائی مشکل تھا، لیکن یہ کامیابی سب کی مشترکہ قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ سیاسی جماعتوں نے سیاست کی قربانی دی اور قوم نے معاشی مشکلات برداشت کیں تاکہ یہ ممکن ہو سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معاشی اصلاحات اور ڈیجیٹائیزیشن اب دنیا بھر کے لیے ایک کامیاب ماڈل بن چکی ہیں۔ انہوں نے اس بات کا عزم ظاہر کیا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کا خواب انشاء اللہ جلد پورا ہوگا اور معیشت استحکام کے بعد ترقی کی سمت میں مزید آگے بڑھے گی۔

شہباز شریف نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بطور خادم پاکستان، وہ پاکستانی عوام کی خوشحالی اور ملک کے بیرونی قرضوں سے مکمل نجات تک محنت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان قرضوں سے مکمل نجات حاصل کرے گا اور معاشی طور پر خود کفیل ہوگا۔

ٹیگز: