بیجنگ:وزیراعظم شہباز شریف نے انکشاف کیا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ کے خاتمے کے سلسلے میں کافی پیش رفت ہو چکی ہے اور تمام معاملات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ خطے میں امن ہمیشہ کے لیے بحال ہو جائے۔
بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں پروقار استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان جنگ کے خاتمے کے لیے چینی صدر کے 4 نکاتی ایجنڈے کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر خصوصی روشنی ڈالی کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی اور امریکی قیادت کے درمیان رابطوں کو ممکن بنانے میں انتہائی اہم اور کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی وزیراعظم لی کیانگ نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو زبردست الفاظ میں سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے علاقائی امن کے استحکام کے لیے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے۔ چینی وزیراعظم نے عزم دہرایا کہ چین پاکستان کے ساتھ ہر شعبے میں عملی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہے، کیونکہ پاکستان نے ہمیشہ قریبی رابطے اور ہم آہنگی کو برقرار رکھتے ہوئے مشترکہ مفادات کا تحفظ کیا ہے۔