لاہور : چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے آئی سی سی اور بھارتی ہٹ دھرمی کے خلاف سخت ترین مؤقف اپنا لیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی عالمی دباؤ یا دھمکی کو خاطر میں نہیں لائے گا۔
بنگلادیشی کرکٹ بورڈ کے ساتھ جاری حالیہ تنازعات پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا آئی سی سی اور بنگلادیش کے درمیان بات چیت جاری ہے اور اس میں مثبت پیش رفت ہو رہی ہے۔
پاکستان نے بنگلادیش کے مؤقف کی کھل کر حمایت کی ہے اور ہم انصاف پر مبنی فیصلوں کے حق میں ہیں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ "گھر آئے مہمان کو عزت دینی چاہیے،" جو کہ پاکستان کی روایتی کرکٹ ڈپلومیسی کا عکاس ہے۔گزشتہ روز آئی سی سی کے وفد کے ساتھ ہونے والی اہم میٹنگ کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ اور بھارتی رویے پر اپنے بھرپور تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔
ہم نے آئی سی سی پر واضح کیا ہے کہ بنگلادیش کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا ازالہ ہونا ضروری ہے۔ پاکستان کسی کی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوگا اور اپنے اصولی مؤقف پر ڈٹا رہے گا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ عالمی کرکٹ میں شفافیت اور تمام ممالک کے لیے برابری کے اصول ہونے چاہئیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ان اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ کھیل کے تقاضے ہر حال میں پورے ہوں۔