Get Alerts

اداکارہ حمیرا اصغر کی موت کا معاملہ، گتھی  کب  سلجھے گی ؟پوسٹمارٹم  رپورٹ اور لیبارٹری ٹیسٹ کا انتظار

اداکارہ حمیرا اصغر کی موت کا معاملہ، گتھی  کب  سلجھے گی ؟پوسٹمارٹم  رپورٹ اور لیبارٹری ٹیسٹ کا انتظار

کراچی: ڈیفنس فیز 6 کے ایک کرائے کے فلیٹ سے معروف ماڈل اور اداکارہ حمیرا اصغر کی کئی روز پرانی لاش ملنے کے واقعے نے شہر میں ہلچل مچا دی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ حمیرا منشیات کا استعمال کرتی تھیں، لیکن موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے پوسٹمارٹم اور مزید لیبارٹری ٹیسٹ جاری ہیں۔

پولیس حکام نے بتایا کہ حمیرا اصغر کی لاش فلیٹ سے ملی جو کئی دن پرانی تھی۔ پوسٹمارٹم کے دوران جسم کے مختلف اعضاء کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے محفوظ کر لیے گئے ہیں تاکہ موت کی وجوہات کی مکمل وضاحت کی جا سکے۔ پولیس ہر ممکن پہلو سے تحقیقات کر رہی ہے، جس میں سی سی ٹی وی فوٹیجز کا بغور جائزہ بھی شامل ہے۔

ڈیفنس فیز 6 کے رہائشیوں نے بتایا کہ حمیرا اصغر 2018 سے کرائے کے اس فلیٹ میں اکیلی رہائش پذیر تھیں اور گزشتہ ایک سال سے کرایہ ادا نہیں کر رہیں تھیں، جس پر مالک مکان نے قانونی کارروائی شروع کی تھی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حمیرا کا سماجی حلقوں سے کوئی خاص تعلق نہیں تھا اور وہ اکثر اکیلی دکھائی دیتی تھیں۔

پولیس نے اہلخانہ سے رابطہ کیا، لیکن اہلخانہ نے لاش وصول کرنے سے انکار کر دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ کئی ماہ پہلے حمیرا سے اپنا تعلق ختم کر چکے ہیں۔ اس صورتحال میں پولیس نے بتایا ہے کہ اگر اہلخانہ لاش نہ لیں تو اسے قانونی طریقہ کار کے تحت تدفین کر دی جائے گی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ابتدائی طور پر طبعی موت معلوم ہوتا ہے لیکن ہر زاویے سے تحقیقات جاری ہیں تاکہ کوئی پہلو نظر انداز نہ ہو۔ فلیٹ کو سیل کر دیا گیا ہے اور مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

حمیرا اصغر کی موت کا حتمی راز پوسٹمارٹم رپورٹ اور لیبارٹری ٹیسٹ کی رپورٹ کے بعد ہی کھلے گا۔ پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس حمیرا سے متعلق کوئی معلومات ہوں تو وہ فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں تاکہ تحقیقات مزید تیز کی جا سکیں۔

ٹیگز: