دنیا میں رہائش کے لئے سب سے موزوں شہر آکلینڈ قراردے دیا گیا

دنیا میں رہائش کے لئے سب سے موزوں شہر آکلینڈ قراردے دیا گیا
سورس: file photo

لندن ،دنیا بھر میں رہائش کے لیے سب سے بہترین شہروں کی سالانہ درجہ بندی(رینکنگ) میں نیوزی لینڈ کا شہر آکلینڈ پہلے نمبر پر آگیا ۔

برطانوی تحقیقی ادارے  اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ (ای آئی یو) نے رہائش کے حوالے سے دنیا کے بہترین شہروں کی نئی فہرست جاری کی ہے جس کے مطابق نیوزی لینڈ کا شہر آکلینڈ پہلے نمبر پر ہے جس کے بعد  جاپان کا شہر اوساکا دوسرے، آسٹریلیا کا شہر ایڈیلیڈ تیسرے، پھر جاپان کا شہر ٹوکیو چوتھے اور نیوزی لینڈ کا ہی دارالحکومت ویلنگٹن پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ کے سروے میں استحکام ، انفرااسٹرکچر، تعلیم اور شہریوں کی صحت کے مراکز تک رسائی جیسے عوامل کو بنیاد بنا کر 140 شہروں کی درجہ بندی کی گئی ہے تاہم کورونا کی وبا نے اس درجہ بندی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

رہائش کے حوالے سے دنیا کے بہترین شہروں کی فہرست میں پہلے پانچ شہر یورپ اور امریکا سے باہر کے ہیں جس کی وجہ یہ ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران متعدد یورپی و امریکی شہروں کی درجہ بندی میں نمایاں کمی آئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق وبا کے دوران نیوزی لینڈ میں حکام نے بہترین اقدامات کیے جس کے باعث وہاں معمولات زندگی جلد بحال ہوگئیں اور اسی باعث آکلینڈ اور ویلنگٹن درجہ بندی میں سرفہرست ہیں۔

اس کے برعکس یورپی شہروں میں معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے اور دیگر ممالک کے شہروں میں بھی پہلی جیسی صورت حال نہیں رہی۔

 رپورٹ کے مطابق نئی فہرست میں شام کا دارالحکومت دمشق رہائش کے لحاظ سے دنیا کا سب بد ترین شہر ہے جب کہ پاکستان کا شہرکراچی دمشق سے صرف چھ نمبر ہی آگے ہے۔