Get Alerts

عید کے موقع پر حکومتِ پنجاب کی جانب سے کی جانے والی صفائی مہم نے مثالی کامیابی حاصل کی:مریم اورنگزیب

عید کے موقع پر حکومتِ پنجاب کی جانب سے کی جانے والی صفائی مہم نے مثالی کامیابی حاصل کی:مریم اورنگزیب

لاہور : پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے شاندار انتظامات پر وزیراعلیٰ پنجاب کو ملک بھر سے داد و تحسین مل رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عید سے قبل صوبے بھر میں ڈیڑھ کروڑ سے زائد ویسٹ بیگز تقسیم کیے گئے تاکہ قربانی کے بعد آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کا عمل مؤثر اور منظم طریقے سے انجام دیا جا سکے۔ کلین اپ آپریشن کی نگرانی جدید سیف سٹی کیمروں کے ذریعے کی گئی تاکہ ہر مرحلے پر شفافیت برقرار رکھی جا سکے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع اور تحصیلوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور ایک دوسرے سے بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کی۔ شدید گرمی کے باوجود ویسٹ مینجمنٹ کے ورکرز نے گھر گھر جا کر آلائشیں جمع کیں، جو قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے تمام صفائی عملے اور انتظامی افسران کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے بھی انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیا، جس سے صفائی مہم کامیاب رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صفائی مہم اپنی نوعیت کی منفرد مثال ہے، جس جیسی کارکردگی پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جب نیت خالص ہو اور مقصد عوام کی خدمت ہو تو نتائج خود بولتے ہیں۔ پنجاب حکومت نے اس بار اپنی ہی سابقہ کارکردگی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ یہ سب میڈیا پر مبنی مہم تھی، اور کہا کہ ہم نے عوام کے تعاون سے عملی میدان میں کام کیا ہے، نہ کہ صرف تشہیر پر انحصار کیا۔

ٹیگز: