تہران: ایران نے ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر آنے اور جانے والی پروازوں پر عائد عارضی پابندی ختم کرتے ہوئے فضائی آپریشن بحال کر دیا ہے، جس کے بعد ایرانی فضائی حدود میں معمول کی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو گئی ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق حکام نے فضائی سروسز کی بحالی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ہوائی اڈوں پر پروازوں کی آمد و رفت معمول کے مطابق جاری رہے گی۔
رپورٹس کے مطابق ایران نے چند گھنٹے قبل سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ملکی فضائی حدود میں پروازوں کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیا تھا، تاہم بعد ازاں صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد یہ پابندی واپس لے لی گئی۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا اور دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے خلاف کارروائیوں کے دعوے کیے تھے۔ بعد ازاں امریکی صدر کی اپیل پر اسرائیل نے حملے روکنے کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب ایرانی خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر نے اسرائیل کے خلاف مسلح افواج کی کارروائیاں روکنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان کے عوام کی حمایت میں صہیونی ریاست کو مؤثر جواب دیا جا چکا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ لبنان کے خلاف اسرائیلی اقدامات کے ردعمل میں کی گئی کارروائیوں کے بعد فوجی آپریشن روک دیے گئے ہیں۔