اسلام آباد :آزاد کشمیر کی سیاست اور حالیہ احتجاجی لہر کے حوالے سے ایک بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے اہم ترین رکن سید فیصل گیلانی نے نام نہاد تحریک کے پرتشدد بیانیے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے تنظیم سے اپنے تمام روابط ختم کرنے اور مکمل لاتعلقی کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
بیورو چیف اسلام آباد نیونیوزجاوید بلوچ کے مطابق سید فیصل گیلانی نے راولاکوٹ میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی آڑ میں کیے جانے والے حالیہ پرتشدد حملوں، سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے اور جلاؤ گھیراؤ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سید فیصل گیلانی نے واضح کیا کہ ہم کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا حصہ خالصتاً عوامی مفادات اور حقوق کے تحفظ کے لیے بنے تھے، لیکن بدقسمتی سے یہ تنظیم اب اپنے اصل راستے اور مقاصد سے مکمل طور پر بھٹک چکی ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی حقوق کے نام پر بننے والی اس کمیٹی کی پرتشدد کارروائیوں کی وجہ سے اب معصوم شہریوں کے خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے، جسے کوئی بھی محب وطن شہری تسلیم نہیں کر سکتا۔
بیورو چیف اسلام آبادنیونیوز جاوید بلوچ کاکہنا ہےکہ سید فیصل گیلانی کے مطابق آزاد کشمیر کے عوام امن پسند ہیں، اور وہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے اس پرتشدد اور انتشار انگیز بیانیے کو مسترد کر کے ایک باشعور شہری ہونے کا واضح ثبوت دے رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سید فیصل گیلانی جیسے سینیئر رکن کی جانب سے اس علیحدگی اور سنگین الزامات کے بعد کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی اندرونی صفوں میں شدید مایوسی پھیل گئی ہے، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید اراکین بھی اس پرتشدد بیانیے سے کنارہ کشی اختیار کر سکتے ہیں۔