اسلام آباد : پاکستان میں شہریوں کی سہولت کے لیے پاسپورٹ کے حصول کا نظام انتہائی آسان اور جدید بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت منعقدہ ایک اہم اجلاس میں پاسپورٹ کی دہلیز تک فراہمی کے منصوبے پر اہم پیشرفت ہوئی ہے، جس کے تحت اب شہریوں کو پاسپورٹ حاصل کرنے کے لیے دفاتر کے چکر نہیں کاٹنے پڑیں گے۔
اجلاس کے دوران پاسپورٹ ڈیلیوری کے نئے ایس او پیز (SOPs) کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور ملک بھر میں "ڈور سٹیپ پاسپورٹ ڈیلیوری سروس" متعارف کرانے کا باقاعدہ فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی نئی ڈیجیٹل ایپ پر ہونے والی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔
شہری اب ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے آن لائن درخواست جمع کروا سکیں گے اور اپنے پاسپورٹ کے مراحل کی لائیو ٹریکنگ بھی کر سکیں گے۔فیسوں کی ادائیگی کے نظام کو آسان بنانے کے لیے ڈیجیٹل پیمنٹس اور دیگر ای سروسز کے فروغ کے اقدامات کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس نئے اور جدید نظام کے نفاذ سے پاسپورٹ دفاتر میں رش کم ہوگا اور شہریوں کو ایجنٹ مافیا اور لمبی قطاروں سے نجات مل سکے گی۔