اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے بڑے صنعتکاروں، تاجروں اور ایکسپورٹرز سے خطاب کرتے ہوئے انڈسٹری سیکٹر کے لیے تاریخی مراعات کا اعلان کر دیا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ معیشت کے استحکام کے بعد اب وقت آ گیا ہے کہ نجی شعبے کو ترقی کے بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں۔
وزیراعظم نے صنعتی لاگت کم کرنے کے لیے درج ذیل اہم اقدامات کا اعلان کیا، صنعتی صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں 4 روپے 4 پیسے فی یونٹ کمی کر دی گئی ہے۔صنعتوں کے لیے ویلنگ چارجز میں 9 روپے کی بڑی کمی کا اعلان کیا گیا ہے، جس سے توانائی کی ترسیل سستی ہوگی۔ برآمد کنندگان (Exporters) کے لیے ٹیکس کی شرح میں 3 فیصد کمی کر دی گئی ہے تاکہ عالمی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کا مقابلہ آسان ہو سکے۔
تقریب کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے تاجروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا "بہترین کارکردگی دکھانے والے اور ایوارڈ حاصل کرنے والے تاجروں کو 'بلیو پاسپورٹ' جاری کیا جائے گا، جو ان کی ملکی معیشت کے لیے خدمات کا اعتراف ہے۔
شہباز شریف نے ملکی معیشت کی بحالی کا ذکر کرتے ہوئے کہا میں نے اور فیلڈ مارشل نے خاموشی سے متعدد ممالک کے دورے کیے تاکہ ملکی معیشت کو سہارا دیا جا سکے، جس کے نتائج آج سب کے سامنے ہیں۔حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ سہولیات دینا ہے، اصل بزنس پرائیویٹ سیکٹر نے ہی کرنا ہے۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ پاکستان کی معیشت اب مستحکم ہو چکی ہے اور اب ہم سب کو مل کر ملک کو ترقی کی نئی بلندیوں پر لے کر جانا ہے۔ ان اقدامات کا مقصد برآمدات میں اضافہ اور صنعتی پہیہ تیز کرنا ہے۔