ڈھاکہ :بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے جا رہے ڈھاکہ ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں پراعتماد آغاز کرتے ہوئے ایک وکٹ کے نقصان پر 179 رنز بنا لیے ہیں۔ پاکستان کو میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 234 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی 9 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔
دوسرے دن بنگلہ دیش کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 413 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے نجم الحسن شانتو نے سنچری داغی، جبکہ مومن الحق 91 اور مشفیق الرحیم 71 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی طرف سے فاسٹ باؤلر محمد عباس نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، شاہین آفریدی نے 3 جبکہ حسن علی اور نعمان علی نے ایک ایک شکار کیا۔
پاکستان نے اپنی پہلی اننگز شروع کی تو اوپنر امام الحق 45 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، تاہم اس کے بعد ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے نوجوان بیٹر اذان اویس نے پراعتماد بیٹنگ سے سب کو متاثر کیا۔ وہ 85 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں اور اپنی پہلی ہی اننگز میں سنچری مکمل کرنے سے محض 15 رنز کی دوری پر ہیں۔
کھیل کے اختتام پر پاکستان کا اسکور 179 رنز ہے جس میں عبداللہ فضل 37 رنز بنا کر اذان اویس کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تاحال کوئی بھی باؤلر پاکستانی بلے بازوں پر دباؤ بڑھانے میں کامیاب نہ ہو سکا، سوائے اس ایک وکٹ کے جو امام الحق کی صورت میں گری۔