فلم پدما وتی کا ٹریلر آتے ہی چھا گیا

فلم پدما وتی کا ٹریلر آتے ہی چھا گیا

ممبئی: بالی ووڈ کے مایہ ناز ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’’پدماوتی‘‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے اور ٹریلر نے چند منٹوں میں ہی دھوم مچادی ہے۔ ٹریلر کو فلم بینوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہا ہے ۔

فلم کے ٹریلر کو فیس بک پر دپیکا پڈوکون، رنویر سنگھ، شاہد کپور اور فلم کے آفیشل پیج پر ایک کروڑ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔ فلم میں دپیکا رانی پدماوتی کے کردار میں نظر آئیں گی اور شاہد کپور ان کے شوہر مہاراول رتن سنگھ کا روپ دھاریں گے جب کہ رنویر سنگھ علاؤ الدین خلجی کا مرکزی کردار ادا کریں گے۔فلم نمائش کے لیے یکم دسمبر کو پیش کی جائے گی لیکن اسےشوٹنگ کے آغاز سے ہی مسائل کا سامنا ہے۔ بھارتی ریاست راجھستان کی مقامی تنظیم ’شری راجپوت کرنی سینا‘ نے تاریخی حقائق کو مسخ کرکے پیش کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے فلم کے سیٹ پر حملہ بھی کیا تھا اور سیٹ کو نذر آتش بھی کیا تھا۔ کرنی سینا کی جانب سے فلم میں اداکارہ دپیکا پڈوکون کی پہلی جھلک سامنے آنے کے بعد بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور فلم کی نمائش روکنے کا مطالبہ کیا گیا لیکن اب کرن جوہر کے توجہ دلانے پر بھارتی وزیر سمرتی ایرانی نے فلم کی پر امن نمائش کی یقین دہانی کرائی ہے۔