Get Alerts

 عاصم افتخار احمد نئے سیکرٹری خارجہ مقرر

 عاصم افتخار احمد نئے سیکرٹری خارجہ مقرر

اسلام آباد: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد کو نیا سیکرٹری خارجہ مقرر کر دیا گیا۔ موجودہ سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ 17 ستمبر 2026 کو ریٹائر ہوں گی، جس کے بعد وہ ترکیہ میں پاکستان کی سفیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔ دونوں تقرریوں کی وزیراعظم شہباز شریف نے منظوری دے دی ہے۔

 نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں عاصم افتخار احمد کی بطور نئے سیکرٹری خارجہ تعیناتی کا اعلان کیا۔

 محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ 17 ستمبر 2026 کو تین دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط شاندار سفارتی و سرکاری خدمات کے بعد ریٹائر ہو رہی ہیں۔

 نائب وزیراعظم نے آمنہ بلوچ کی وزارت خارجہ کی قیادت اور خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد آمنہ بلوچ ترکیہ میں پاکستان کی سفیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔

 اسحاق ڈار نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ سفیر عاصم افتخار احمد کی قیادت میں دفتر خارجہ، سفیر آمنہ بلوچ اور ان کے تمام پیشروؤں کی جانب سے کیے گئے اہم کام کو آگے بڑھاتے ہوئے واضح حکمت عملی، پیشہ ورانہ انداز اور بھرپور عزم کے ساتھ پاکستان کے مفادات کو آگے بڑھاتا رہے گا۔

ٹیگز: