پی ٹی آئی استعفے دے گی تو ضمنی انتخاب کرادیں گے: احسن اقبال 

پی ٹی آئی استعفے دے گی تو ضمنی انتخاب کرادیں گے: احسن اقبال 
سورس: File

اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ اگر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی اسمبلی سے استعفے دیے تو ان حلقوں میں اپوزیشن کی جانب سے متحدہ امیدوار سامنے لائیں گے اور ضمنی انتخاب ہوگا۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو میں احسن اقبال نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے استعفوں کے حوالے سے سوال پر کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں اپوزیشن استعفے دینے کا کہا کرتی تھی تو ان کے وزیر، مشیر اور ترجمان کہا کرتے تھے کہ نظام کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، قانون حرکت میں آئے گا اور جہاں سے اپوزیشن استعفے دے گی وہاں ضمنی انتخاب ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جو ایس او پی اس وقت بیان کی تھی وہ موجود ہے، اگر یہ استعفے دیتے ہیں تو جہاں ان کا استعفیٰ ہوگا اپوزیشن کے دوسرے نمبر رہنے والے امیدوار کی جماعت سے تعاون کریں گے اور ضمنی انتخاب میں ہمارے لوگ جیت جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے پاس عددی اکثریت نہیں ہے کہ وہ نظام کو جول دے سکیں، خیبرپختونخوا میں جہاں ان کی اکثریت ہے وہاں یہ زیادہ سے زیادہ استعفے دے کر نظام کو بٹھائیں گے تو خیبرپختونخوا میں نئے انتخابات ہوجائیں گے۔

احسن اقبال پی ٹی آئی کی جانب سے قرار دی گئی بیرونی سازش پر مبنی خط سے متعلق کہا کہ ہم اس خط کو دیکھیں گے اور انکوائری بھی کروائیں گے۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ اس خط کی انکوائری ہوگی کہ اس کے اندر کیا تھا، اس خط کو کیونکر اور کیسے ایک سیاسی مقصد کے لیے استعمال کیا گیا جبکہ قومی سلامتی کمیٹی واضح کرچکی ہے کہ اس میں نہ کوئی داخلی سیاست یا عدم اعتماد سے تعلق تھا اور نہ ہی حکومت بدلنے کی سازش تھی بلکہ یہ عمران خان نے اپنی نالائقی چھپانے کے لیے ملکی مفاد داؤ پر لگا دیا تھا۔

مصنف کے بارے میں