اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 1973 کا متفقہ آئین وفاق پاکستان کی سالمیت اور قومی یگانگت کی درخشندہ علامت ہے، اور پاکستان اقوامِ عالم میں اپنا سر فخر سے بلند کرتے ہوئے ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رکھے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 10 اپریل 'یومِ دستور' کی مناسبت سے قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں 1973 کے آئین کو حتمی شکل دینے والے سیاسی اکابرین کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہمیں ان معماروں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے ملک کو ایک ایسا متفقہ نسخہ دیا جس پر پوری قوم متحد ہے۔
شہباز شریف نے آئین کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا آئین ریاست اور شہریوں کے درمیان ایک ایسا مقدس معاہدہ ہے جو دونوں کے اخلاقی، قانونی اور انتظامی حقوق و فرائض کی حدود متعین کرتا ہے۔ 1973 کا دستور ہر شہری کے بنیادی انسانی حقوق کا ضامن ہے اور ان کی فراہمی کے لیے ایک واضح قانونی لائحہ عمل فراہم کرتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس آئین نے ملک میں پارلیمانی جمہوری نظام کی مضبوط بنیاد رکھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام ریاستی اکائیاں آئین کے تحت اپنا کردار ادا کر رہی ہیں، جو قومی یکجہتی کے لیے ناگزیر ہے۔ ریاست پاکستان کا اداراتی ڈھانچہ اسی دستور کی بدولت معاشی استحکام اور تابندہ مستقبل کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام کے آخر میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو حاصل ہونے والی عزت و وقار اللہ کا فضل ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان ایک خوددار قوم کے طور پر عالمی برادری میں اپنا مقام مزید بلند کرے گا اور خوشحالی کی منزل کی جانب گامزن رہے گا۔