Get Alerts

کراچی میں ڈمپر کی ٹکرسے بہن بھائی جاں بحق ، حادثے کے بعد مشتعل شہریوں نے 7 ڈمپروں کو آگ لگا دی

کراچی میں ڈمپر کی ٹکرسے بہن بھائی جاں بحق ، حادثے کے بعد مشتعل شہریوں نے 7 ڈمپروں کو آگ لگا دی

کراچی: کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں لکی ون شاپنگ مال کے قریب ایک ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار بہن بھائی کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں دونوں جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق، حادثے میں شدید زخمی ہونے والے 22 سالہ ماہ نور اور 14 سالہ احمد رضا کو ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔ حادثے میں والد شاکر بھی زخمی ہوئے۔

واقعہ کے بعد مشتعل شہریوں نے 7 ڈمپروں کو آگ لگا دی، اور ڈمپر ڈرائیور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کی۔ فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں نے ڈمپرز میں لگی آگ بجھائی، جبکہ پولیس نے آگ لگانے کے الزام میں کئی افراد کو حراست میں لے لیا۔

اس کے بعد ڈمپر ڈرائیور ایسوسی ایشن نے احتجاج کرتے ہوئے سپرہائی وے سہراب گوٹھ کو بند کر دیا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ ایسوسی ایشن نے نیشنل ہائی وے بھی بلاک کرنے کی دھمکی دی۔ صدر ڈمپر ایسوسی ایشن حاجی لیاقت محسود نے حادثے کو ٹینکر کی ٹکر سے قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈمپرز کو آگ لگانے کی ذمہ داری سندھ حکومت پر ہے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اس سانحے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ قانون ہاتھ میں نہ لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو سزا دے اور ڈمپر مافیا کو لگام دے۔

ٹیگز: