Get Alerts

اسلام آباد میں اساتذہ کی ہڑتال ختم، تعلیمی سلسلہ بحال

اسلام آباد میں اساتذہ کی ہڑتال ختم، تعلیمی سلسلہ بحال
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی جانب سے ہڑتال ختم کر نے کے بعد درس گاہوں میں تدریسی عمل بحال ہو گیا ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشن، جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کے ذریعے تعلیمی اداروں کو میونسپل کارپوریشن کے تحت کرنے کی شق 166کو ختم کرنے سے متعلق یقین دہانی اور ترمیم سے متعلق تحریری ثبوت دئیے جانے پر احتجاج موخر کیا گیا ہے۔ 
جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ اس یقین دہانی کے بعد ایک مہینے تک کلاسز کا بائیکاٹ ختم کر دیا ہے لیکن اگر حکومت کی جانب سے کروائی گئی یقین دہانیوں پر عملدرآمد نہ ہوا تو احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں اور دوبارہ ہڑتال کریں گے۔ 
جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اجلاس میں چیئرمین کمیٹی کا کہن تھا کہ 10 روز تک ناصرف کلاس کا بائیکاٹ کیا بلکہ اپنے تمام اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کیساتھ پارلیمینٹ کے سامنے ایک بڑا اجتماع بھی کیا جس میں شریک تمام ملازمین کا ایک ہی مطالبہ تھا کہ میونسپل کارپوریشن کے آرڈینس میں موجود شق 166کو فی الفور ختم کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزارت تعلیم میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے نمائندوں سے مذاکرات کے دوران تحریری طور پر ترمیم کے ثبوت دکھانے کیساتھ ساتھ یہ یقین دہانی کروائی گئی کہ شق کو ختم کرنے کے علاوہ ملازمین کے تحفظات کو مدنظر رکھ کر ترمیم وزیر اعظم کو بھجوائی جائیں گی جس پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے احتجاج موخر کرنے کا اعلان کیا۔

ٹیگز: