کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اعلان کیا ہے کہ معروف اداکارہ حمیرا اصغر کی تدفین کے تمام انتظامات وہ خود کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ جیسے وہ شہریوں کے دکھ درد میں شریک ہوتے ہیں، ویسے ہی حمیرا اصغر کو بھی اپنی بہن سمجھتے ہیں۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اگر مرحومہ کے لواحقین تجہیز و تکفین کی ذمہ داری ادا نہیں کرتے تو وہ خود یہ فریضہ انجام دیں گے۔ اس سلسلے میں انہوں نے گورنر ہاؤس کے پیش امام کو نمازِ جنازہ کے لیے تیار رہنے کی ہدایت بھی دے دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزت اور ناموس کی قدر جانتے ہیں، اور اگر ایک جواں سال بیٹی کی تدفین کے لیے کوئی موجود نہ ہو تو یہ پورے معاشرے کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔
کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اداکارہ کو باعزت انداز میں سپرد خاک کیا جائے اور تمام اخراجات و انتظامات ذاتی طور پر ادا کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش تقریباً نو ماہ بعد برآمد ہوئی ہے، جس کے بعد یہ معاملہ ایک پیچیدہ کیس کی صورت اختیار کر چکا ہے، اور تفتیش جاری ہے۔