اسلام آباد:پاکستان، قطر، ترکی، مصر اور سعودی عرب امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سفارتی رابطوں میں مصروف ہیں۔
امریکی نیوز ویب سائٹ ’’ایگزیوس‘‘ کی رپورٹ کے مطابق ثالث ممالک خطے میں کشیدگی میں کمی اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مفاہمتی یادداشت اور سفارتی رابطوں کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف سطحوں پر اقدامات جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات کی بحالی کے لیے بھی سفارتی رابطے تیز کیے جا رہے ہیں، جبکہ ثالث ممالک فریقین کے درمیان اختلافات کم کرنے کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی موجودہ کشیدگی کے باوجود تنازع کا سفارتی حل تلاش کرنے کے خواہاں ہیں اور جوہری معاہدے کے لیے تکنیکی مذاکرات جاری رکھنے پر زور دے رہے ہیں۔