نانا پاٹیکر بھارتی کسانوں کے حق میں میدان میں اتر آئے

نانا پاٹیکر بھارتی کسانوں کے حق میں میدان میں اتر آئے

ممبئی: ۔بھارتی اخبار کے مطابق مہارشٹر میں جاری کسانوں کی کئی روزہ ہڑتال اور مظاہرین پر پولیس کی فائرنگ کے واقعے کے بعد معروف بالی ووڈ اداکار نانا پاٹیکر کسانوں کی حمایت میں کھڑے ہو گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی تکلیف دہ بات ہے کہ ہم اپنے پالنے والوں کا بُری طرح سے استحصال کر کے ان کی جانوں کے دشمن بنے ہوئے ہیں جو ہمارے حکمرانوں کے لیے بھی شرمندگی کا مقام ہے۔ میں کسانوں کے ساتھ کھڑا ہوں اور ان کے مطالبات کی بھرپور حمایت کرتا ہوں۔

گزشتہ دنوں کانگریس رہنما راہول گاندھی کو مدھیہ پردیش میں کشیدگی سے متاثرہ علاقے منداسر میں کسانوں سے اظہار یکجہتی کرنے کے لئے جانا مہنگا پڑ گیا تھا ۔ کانگریس رہنما جونہی مدھیہ پردیش میں اپنے قافلے کے ہمراہ داخل ہوئے انہیں پولیس نے دھر لیا اور حراست میں لیکر تھانے منتقل کر دیا تھا۔

واضح رہے منداسر میں کسان حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور مطالبہ کر رہے کہ ان کو فصلوں کی بہتر قیمت دی جائے اور کسانوں کے قرضوں کو معاف کیا جائے۔ پولیس اور احتجاجی کسانوں کے درمیان کشیدگی اس وقت بڑھی جب پولیس نے کسانوں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 5 کسان ہلاک ہو گئے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں