ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر پی ٹی آئی میں شدید اختلافات، مصالحتی کمیٹیوں کے قیام

ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر پی ٹی آئی میں شدید اختلافات، مصالحتی کمیٹیوں کے قیام
کیپشن: ناراض کارکنوں نے بنی گالہ میں کپتان کی رہائش کے باہر دھرنا دیا۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

اسلام آباد: تحریک انصاف میں کھلاڑی ٹکٹوں کی تقسیم کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ پشاور میں ورکرز اتحاد کے تحت الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔  ناراض کارکنوں نے بنی گالہ میں کپتان کی رہائش کے باہر دھرنا دیا۔

این اے انسٹھ سے چودھری نثار کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کے خواہشمند اجمل صابر راجا نے بھی ٹکٹ نہ ملنے پر احتجاج کیا۔ فیصل آباد کے ضلع کونسل چوک میں کارکنوں نے احتجاج کیا۔ پی پی 107 میں رضا نصراللہ گھمن کو ٹکٹ دینے پر نعرے بازی کی۔ کارکنوں نے کپتان سے مطالبہ کیا کہ رضا نصراللہ گھمن سے پارٹی ٹکٹ واپس لیں۔

مزید پڑھیں: علی ترین نے عام انتخابات سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا

ساہیوال کے ناراض رانا تنویر  نےاعلان جنگ کر دیا اور جوہرآباد میں پارٹی ورکرز نے ووٹ نہ دینے کی دھمکی دیدی۔

گوجرانوالہ پریس کلب کے باہر پی ٹی آئی کے نظریاتی کارکن احتجاجاً مرغے بن گئے اور پی پی 59 امیدوار عارف جٹ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا۔ کمالیہ سے ریاض فتیانہ کے بیٹے احسن ریاض فتیانہ نے این اے 103 سے ٹکٹ نہ ملنے پر آزاد الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔ این اے 113 سے ریاض فتیانہ اور پی پی 122 سے آشفہ ریاض حصہ لیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: عوامی نیشنل پارٹی کا خیبرپختونخوا سے امیدواروں کا اعلان

کپتان نے صورتحال پر غور کے لیے بنی گالہ میں سر جوڑے ۔ اجلاس میں ٹکٹوں سے محروم رہنے والوں کیلئے مرکزی، صوبے اور ضلعی سطح پر مصالحتی کمیٹیوں کے قیام اور اگلے مرحلے میں مزید مضبوط اور بہتر امیدوار میدان میں اتارنے پر اتفاق کیا گیا۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں