اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے رابطہ کیا ہے، جس میں گلگت بلتستان کی سیاسی صورتحال اور حکومت سازی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ گلگت بلتستان میں حکومت سازی کا حق اکثریتی نشستیں حاصل کرنے والی سب سے بڑی جماعت کو حاصل ہوگا۔
ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے بلاول بھٹو زرداری کو گلگت بلتستان انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی پر مبارکباد بھی دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے خطے کے سیاسی امور پر مستقبل میں بھی قریبی رابطہ رکھنے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم نے گلگت بلتستان انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی پر صدر آصف علی زرداری کو مبارکباد دی تھی اور کہا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی مہم میں مؤثر کردار ادا کیا۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے مسکراتے ہوئے کہا تھا کہ آخر بیٹا کس کا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں آزاد کشمیر کے وزیر اعظم بھی شریک تھے، جہاں آزاد کشمیر کی حالیہ سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں۔