نئی دہلی :بھارت میں نوجوانوں کی جانب سے شروع کی جانے والی ایک انوکھی سیاسی تحریک 'کاکروچ جنتا پارٹی' مودی اقتدار کے لیے ایک بڑا اور غیر متوقع خطرہ بن کر ابھری ہے، جس کی شدت کی گونج اب عالمی میڈیا میں بھی سنائی دینے لگی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، سوشل میڈیا پر محض ایک 'آن لائن میم' (Online Meme) سے شروع ہونے والی یہ 'جین زی' (Gen Z) یعنی نوجوان نسل کی تحریک اب ڈیجیٹل اسکرینز سے نکل کر نئی دہلی کی سڑکوں پر احتجاج کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ اس احتجاج نے مودی حکومت کو سخت سیاسی اور انتظامی دباؤ میں لے لیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، بھارتی حکام اور مودی سرکار اس غیر روایتی تحریک کو روکنے میں اب تک ناکام نظر آ رہے ہیں، کیونکہ یہ نوجوان کسی روایتی سیاسی ڈھانچے کے بغیر، سوشل میڈیا نیٹ ورکس کے ذریعے سڑکوں پر جمع ہو رہے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ جین زی تحریک مودی حکومت کے لیے حالیہ برسوں کا سب سے بڑا اور غیر متوقع چیلنج بن چکی ہے، جسے عالمی سطح پر بھارت میں مودی مخالف لہر کے ایک نئے انداز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔