Get Alerts

پی ٹی اے کے زیراہتمام پاکستان میں 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی کا باقاعدہ آغاز

پی ٹی اے کے زیراہتمام پاکستان میں 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی کا باقاعدہ آغاز

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی زیرِنگرانی ملک میں 5 جی انٹرنیٹ سروس کے لیے سپیکٹرم کی نیلامی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ تقریب میں وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ، وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ اور چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے شرکت کی۔

پی ٹی اے نے 600 میگا ہرٹز سپیکٹرم نیلامی کے لیے پیش کیا اور نیلامی کا پہلا راؤنڈ 60 منٹ کے لیے ہوگا۔ اس میں تینوں اہل ٹیلی کام کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں۔

وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ 5 جی کی نیلامی ملک کے آئی ٹی سیکٹر اور معیشت کے لیے بہت اہم قدم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سپیکٹرم کی نیلامی سے آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوگا اور جدید ٹیکنالوجیز جیسے بلاک چین اور اے آئی کی صنعت کو فروغ ملے گا۔

وزیرِ انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار 5 جی متعارف ہو رہا ہے، اور اس اقدام سے بڑے شہروں میں 6 ماہ کے اندر جدید تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے جدید انٹرنیٹ سہولیات فراہم کرنا ضروری ہے اور 5 جی اس میں اہم کردار ادا کرے گا۔

چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے کہا کہ سپیکٹرم کی دستیابی سب سے بڑا چیلنج تھا، اور 5 جی سروس ملک کے دور دراز علاقوں میں بھی جدید انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان ایشیا کا پہلا ملک ہے جس نے رائیٹ آف وے چارجز ختم کر دیے ہیں۔

ٹیگز: