شعیب ملک مسلسل چھٹی بار چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے والے پاکستان کے پہلے کھلاڑی بن گئے

شعیب ملک مسلسل چھٹی بار چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے والے پاکستان کے پہلے کھلاڑی بن گئے

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے آل راﺅنڈر شعیب ملک آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں مسلسل چھٹی بار پاکستان کی نمائندگی کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے جبکہ ان کے علاوہ صرف آٹھ دیگر کھلاڑی یہ ٹورنامنٹ چھ بار کھیل چکے ہیں۔آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ان دیگر آٹھ کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ، بھارت کے راہول ڈراوڈ، نیوزی لینڈ کے ڈینیئل ویٹوری، جنوبی افریقہ کے مارک باچر اور جیک کیلس اور سری لنکا کے سنتھ جے سوریا، مہیلا جے وردنے اور کمارا سنگاکارا شامل ہیں.

شعیب ملک اس سے قبل 2002، 2004، 2006، 2009 اور 2013 میں یہ ٹورنامنٹ کھیل چکے ہیں۔پینتیس سالہ شعیب ملک اب تک آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے 15 میچوں میں 10 وکٹیں اور 326 رنز سکور کر چکے ہیں۔خیال رہے کہ انگلینڈ اور ویلز میں کھیلی جانے والے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے میچوں کا آغاز یکم جون سے ہو رہا ہے جو کہ 18 جون تک جاری رہیں گے۔اس ٹورنامنٹ کے لیے چھٹی بار پاکستان ٹیم میں شامل کیے جانے پر شعیب ملک کا کہنا تھا کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی جیسے بہترین ٹورنامنٹ کے لیے پاکستانی سکواڈ میں شامل کیے جانے پر میں بہت خوش ہوں۔چھ بار اس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے دیگر کھلاڑیوں کے بارے میں شعیب ملک نے کہا چھ بار یہ ٹورنامنٹ کھیلنے والے دیگر کھلاڑیوں کے ناموں کو دیکھتے ہوئے مجھے فخر محسوس ہو رہا ہے کیونکہ یہ تمام کرکٹ کی تاریخ کے بہترین کھلاڑی ہیں۔

پاکستانی ٹیم کے کاکردگی کے بارے میں سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ایک روزہ ٹیم کے سکواڈ کو دیکھتے ہوئے ہمیں اپنی فارم کو دوبارہ بہتر کرنا ہوگا اور دیگر ٹیموں کے خلاف سخت محنت کرنا ہوگی۔اس ٹورنامنٹ میں بہتر کارکردگی سے ہماری عالمی رینکنگ میں بہتری آئے گی اور ہمیں ورلڈ کپ 2019 کے لیے کوالیفائی کرنے میں مدد ملے گی.