راولپنڈی :پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے بھارت کی حالیہ جارحیت کے بعد ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ اگر بھارت نے مستقبل میں کسی بھی قسم کی مزید اشتعال انگیزی کی کوشش کی، تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اجلاس میں ملک کی دفاعی تیاریوں اور جاری عسکری کارروائیوں پر غور کرتے ہوئے "آپریشن بنیان مرصوص" کے اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، پاکستان کی مسلح افواج مکمل تیار ہیں اور کسی بھی بھارتی حملے کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق مستقبل میں بھارت کی کسی بھی فوجی جارحیت کی صورت میں ہائی ویلیو اہداف کے ساتھ ساتھ بھارتی معاشی اور مواصلاتی نظام کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔قیادت نے واضح کیا کہ پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
دفاعی حکمت عملی کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے تمام اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ حالیہ کشیدگی کے دوران پاک فضائیہ نے بھارتی ایئربیسز، راڈار سسٹمز اور میزائل تنصیبات پر جوابی حملے کرتے ہوئے متعدد اہم اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا تھا، جن میں برہموس میزائل ذخیرہ، پٹھان کوٹ اور اودھم پور ایئربیس شامل ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق، پاکستان کی طرف سے کی گئی میڈیا بریفنگ کے بعد بھارتی میڈیا میں شدید ردعمل اور واضح پریشانی دیکھنے میں آئی ہے، جو زمینی حقائق کے برعکس بھارتی بیانیے کو بے نقاب کرتی ہے۔