راولپنڈی: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے راولپنڈی میں پاکستان کے پہلے منفرد اور ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے والے سگنل فری کوریڈور اور ’معرکہ حق سکوائر‘ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس میگا پراجیکٹ کے تحت محض 179 دنوں کے اندر 5 انڈر پاسز، 2 اوور ہیڈ برجز اور ایک جدید پیڈسٹرین برج تعمیر کر کے تعمیراتی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے افتتاح کے بعد سگنل فری کوریڈور کا دورہ کیا اور انیکسی چوک سے جی پی او چوک تک منصوبے کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات صہیب احمد بھرتھ نے اس موقع پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ روات سے موٹر وے تک 25 کلومیٹر طویل اس کوریڈور کے دو فیز مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ تیسرے فیز پر کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔ اس کوریڈور سے روزانہ 2 لاکھ سے زائد گاڑیاں بلا تعطل گزر سکیں گی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ یہ سگنل فری کوریڈور راولپنڈی کے اربن کلچر کو بدل کر رکھ دے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ منصوبے کے اگلے مرحلے میں ریس کورس، چیئرنگ کراس اور اے ایف آئی سی چوک میں بھی انڈر پاسز بنائے جائیں گے، جس کے بعد مجموعی طور پر اس کوریڈور میں 9 انڈر پاس اور 3 فلائی اوورز شامل ہوں گے۔