واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں سابق صدر جو بائیڈن کی کارکردگی پر شدید تنقید کی اور انہیں امریکی تاریخ کا بدترین صدر قرار دے دیا۔ ٹرمپ نے بائیڈن کے اقتدار میں آنے کو "کرپٹ انتخابات" کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بائیڈن کی پالیسیوں نے امریکا کو عالمی سطح پر کمزور کر دیا ہے۔
ٹرمپ نے بائیڈن کی افغانستان سے انخلا کی پالیسی کو "ذلت آمیز" قرار دیتے ہوئے کہا کہ بائیڈن کے فیصلے کے نتیجے میں 13 امریکی فوجی ہلاک ہوئے اور متعدد زخمی ہوئے۔ انہوں نے افغانستان سے انخلا کو بائیڈن کی سب سے بڑی ناکامی قرار دیا، جو امریکا کی عالمی ساکھ پر منفی اثرات مرتب کر رہا ہے۔
ٹرمپ نے بائیڈن کی کمزوری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے روس نے یوکرین پر حملہ کیا اور حماس نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملہ کیا۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ بائیڈن کی پالیسیوں نے عالمی سطح پر امریکا کے دشمنوں کو مزید طاقتور ہونے کا موقع دیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بائیڈن کی انتخابی مہم میں شکست کے بعد انہیں خود کو دستبردار کرنا پڑا، جو ایک اور علامت ہے کہ وہ قومی مفاد کی حفاظت کرنے کے قابل نہیں ہیں۔