دبئی : مینز ٹی 20 ایشیا کپ 2025 میں بھارتی ٹیم آج اپنا پہلا میچ متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گی، یہ مقابلہ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں مقامی وقت کے مطابق رات 7 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔
بھارت اس ایونٹ میں بطور ٹی 20 عالمی چیمپئن شرکت کر رہا ہے اور اسے ٹورنامنٹ کا مضبوط ترین امیدوار تصور کیا جا رہا ہے۔ ٹیم ایک طویل وقفے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کر رہی ہے، اور شائقین کو زوردار پرفارمنس کی امید ہے۔
بھارتی اسکواڈ میں شبمن گل نائب کپتان کے طور پر شامل ہیں، جنہوں نے حالیہ آئی پی ایل سیزن میں 650 رنز اسکور کیے، ان کا اسٹرائیک ریٹ 155.87 رہا۔ ماہرین کے مطابق گل ایشیا کپ میں بھارت کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب، میزبان ٹیم یو اے ای حالیہ سہ ملکی سیریز میں پاکستان، افغانستان اور یوگینڈا کے خلاف شکست کا شکار ہو چکی ہے۔ ٹیم کی کوچنگ بھارتی نژاد لال چند راجپوت کے سپرد ہے، جو 2007 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کی کوچنگ بھی کر چکے ہیں۔
یو اے ای کے سپنر سمرنجیت سنگھ کی شبمن گل کے خلاف بولنگ دلچسپی کا مرکز بنے گی۔ ماہرین کے مطابق دبئی کی پچ تازہ اور متوازن ہے، جس سے فاسٹ بولرز اور اسپنرز دونوں کو مدد ملنے کی توقع ہے، جبکہ گرمی اور نمی دونوں ٹیموں کی فٹنس کا امتحان لیں گی۔
یاد رہے کہ بھارت اور یو اے ای کے درمیان اب تک صرف ایک ٹی 20 میچ ہوا ہے، جو 2016 کے ایشیا کپ میں کھیلا گیا تھا، اس میں بھارت نے 9 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔ بھارت نے گزشتہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد سے اب تک 24 فتوحات حاصل کی ہیں جبکہ صرف 3 میچز میں شکست ہوئی ہے۔