اسلام آباد : دنیا کی تاریخ کے اہم ترین سفارتی مشن کا آغاز ہونے والا ہے۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں ایک انتہائی طاقتور امریکی وفد کچھ ہی دیر بعد اسلام آباد پہنچ رہا ہے، جہاں وہ ایران کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کے ذریعے عالمی سیاست کو ایک نئے رخ پر استوار کریں گے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس مشن کے لیے اپنی سب سے قابلِ اعتماد ٹیم کا انتخاب کیا ہے۔ وفد میں نائب صدر جے ڈی وینس کے ہمراہ درج ذیل شخصیات شامل ہیں۔ جیرڈ کشنر، صدر ٹرمپ کے داماد اور مشرقِ وسطیٰ کے تجربہ کار اسٹریٹجسٹ، سٹیو وٹکوف: صدر کے معاون خصوصی اور قریبی معتمد شامل ہیں۔
روانگی سے قبل اور پاکستان پہنچنے سے پہلے جاری بیان میں نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے ان مذاکرات کے لیے ہمیں واضح گائیڈ لائنز دے دی ہیں۔ ہمیں پوری امید ہے کہ ایران کے ساتھ ہونے والی یہ بات چیت کامیاب رہے گی اور خطے میں پائیدار امن کی بنیاد رکھی جائے گی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسلام آباد مذاکرات کے حوالے سے اپنے غیر متزلزل یقین کا اظہار کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے مذاکرات کے لیے اپنی بہترین ٹیم اسلام آباد بھیجی ہے۔ "مجھے یقین ہے کہ اسلام آباد مذاکرات کامیاب ہوں گے اور دنیا ایک 'سب سے طاقتور ری سیٹ' (Power Reset) کی طرف بڑھ رہی ہے، جس کے بعد عالمی سیاست کا نقشہ بدل جائے گا۔
اسلام آباد میں ایرانی وفد کی پہلے سے موجودگی اور اب امریکی وفد کی آمد نے پاکستان کو عالمی سفارت کاری کا محور بنا دیا ہے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر وفد کے استقبال کے لیے تیار ہیں۔