بیروت : لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے اقوام متحدہ اور امریکا کے مجوزہ دورے کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک میں داخلی صورتحال کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق وہ بیروت میں رہتے ہوئے عوام کی سلامتی اور حکومتی امور کی نگرانی جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب لبنان نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے واشنگٹن میں ہونے والے جنگ بندی مذاکرات میں شرکت کرے گا، جہاں امریکی اور اسرائیلی نمائندوں کے ساتھ ممکنہ سیزفائر پر بات چیت کی جائے گی۔
ایک سینئر لبنانی عہدیدار کے مطابق اجلاس کی حتمی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی، تاہم لبنان کا مؤقف واضح ہے کہ کسی بھی وسیع تر معاہدے کے لیے جنگ بندی بنیادی شرط ہے۔
عہدیدار نے کہا کہ لبنان فوری سیزفائر کا خواہاں ہے تاکہ کسی بڑے سیاسی یا سکیورٹی معاہدے سے قبل خطے میں کشیدگی کم کی جا سکے اور مذاکرات کے لیے بہتر ماحول فراہم ہو۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے ایران اور امریکا کے درمیان اسلام آباد میں مذاکرات جاری ہیں۔