اسلام آباد: پاکستان نے آئی ایم ایف پروگرام کی پانچویں قسط کے حصول کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پروگرام کے جائزے کے لیے مذاکرات آئندہ ماہ ہوں گے، جبکہ آئی ایم ایف کا وفد جائزے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گا۔
وزارت خزانہ نے تمام متعلقہ وزارتوں کو آئی ایم ایف مذاکرات کے لیے ڈیٹا اور رپورٹس مرتب کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ متعلقہ وزارتیں آئی ایم ایف وفد کو معاشی اصلاحات اور اسٹرکچرل بینچ مارکس پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے دوران توانائی کے شعبے میں اصلاحات کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ بجلی اور گیس کے شعبوں کے گردشی قرضے سمیت دیگر اہداف پر بھی بات چیت ہوگی۔
آئی ایم ایف جائزے کے دوران پروگرام کے اسٹرکچرل بینچ مارکس پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں پاکستان کو تقریباً ایک ارب ڈالر کی پانچویں قسط ملنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان کو مجموعی طور پر تقریباً 1.2 ارب ڈالر ملنے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو تقریباً 20 کروڑ ڈالر بھی مل سکتے ہیں۔ پانچویں قسط اور موسمیاتی فنڈز کی منظوری آئی ایم ایف جائزے کی کامیابی سے مشروط ہوگی۔
وزارت خزانہ نے متعلقہ وزارتوں کو آئی ایم ایف مذاکرات کے لیے تیاری مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔