اسلام آباد:قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں موجودہ حالات مذاکرات کے لیے سازگار نہیں ہیں۔ منگل کو سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں عمر ایوب نے حکومت کی پالیسیوں کو ہدف تنقید بنایا اور الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سب سے بڑی جماعت ہونے کے باوجود انہیں بار بار بولنے کا موقع نہیں دیا جا رہا۔ عمر ایوب نے حکومت کے معاشی اقدامات پر بھی کڑی تنقید کی اور کہا کہ مہنگائی میں کمی کے حکومتی دعوے حقیقت سے دور ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت کی سخت پالیسیوں کی حمایت کر رہی ہے اور قانون کی حکمرانی کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔
عمر ایوب نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ حکومت اس پر کوئی قدم نہیں اٹھا رہی۔ سپیکر ایاز صادق نے اپوزیشن لیڈر کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ یہ 2018 والی اسمبلی نہیں ہے اور کوئی بات غلط رنگ میں پیش نہ کی جائے۔