Get Alerts

جدید اے آئی ٹیکنالوجی میں چیٹ جی پی ٹی سب سے آگے، صارفین کی تعداد میں مسلسل اضافہ

جدید اے آئی ٹیکنالوجی میں چیٹ جی پی ٹی سب سے آگے، صارفین کی تعداد میں مسلسل اضافہ

کیلیفورنیا:  دنیا بھر میں مقبول ہونے والے اولین جنریٹیو آرٹیفیشل انٹیلی جنس چیٹ بوٹس میں چیٹ جی پی ٹی آج بھی سب سے نمایاں مقام رکھتا ہے۔ یہ اے آئی چیٹ بوٹ مختلف نوعیت کے سوالات کے جوابات دینے کے ساتھ ساتھ صارفین کو کوڈنگ سیکھنے، تحریری مواد تیار کرنے اور کئی مشکل کام آسان بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

اوپن اے آئی کی جانب سے تیار کردہ اس جدید ٹیکنالوجی نے ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک نئی انقلاب برپا کر دیا ہے، جس کے بعد بڑی کمپنیاں بھی اسی طرز کی اے آئی سروسز کو مزید بہتر بنانے پر توجہ دے رہی ہیں۔

اکثر لوگ چیٹ جی پی ٹی استعمال تو کرتے ہیں مگر بہت کم افراد کو معلوم ہے کہ اس نام میں شامل جی، پی اور ٹی دراصل کن الفاظ کی نمائندگی کرتے ہیں۔

چیٹ جی پی ٹی میں موجود "جی" کا مطلب جنریٹیو ہے، یعنی ایسا اے آئی سسٹم جو نیا مواد تخلیق کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، نہ کہ صرف معلومات کا تجزیہ کرتا ہے۔

جبکہ "پی" سے مراد پری ٹرینڈ ہے، جس کا مطلب ہے کہ اس چیٹ بوٹ کو پہلے ہی وسیع ڈیٹا سے تربیت دی گئی تاکہ یہ بہتر اور درست جوابات دے سکے۔ اس تربیت میں اربوں ویب صفحات اور دیگر ذرائع سے حاصل کردہ مواد شامل تھا۔

اسی طرح "ٹی" ٹرانسفارمر کی علامت ہے، جو ایک جدید نیورل نیٹ ورک سسٹم ہے اور صارف کے سوال کو سمجھ کر مناسب جواب تیار کرتا ہے۔

مجموعی طور پر جی پی ٹی ایک بڑا لینگوئج ماڈل ہے جو ڈیپ لرننگ ٹیکنالوجی کے ذریعے انسانوں سے بات چیت کرنا سیکھتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ چیٹ جی پی ٹی کا نام لانچ سے کچھ ہی پہلے منتخب کیا گیا۔ ابتدا میں اسے "چیٹ ود جی پی ٹی 3.5" کہا جا رہا تھا، تاہم بعد ازاں اسے سادہ اور مختصر نام دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

ٹیگز: