Get Alerts

پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ کا یوٹیوب اور انسٹاگرام اکاؤنٹس ڈی ایکٹیویٹ

پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ کا یوٹیوب اور انسٹاگرام اکاؤنٹس ڈی ایکٹیویٹ

لاہور: معروف ٹک ٹاکر اور یوٹیوبر رجب بٹ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہیں، لیکن اس بار وجہ ان کا کوئی نیا ویڈیو کانٹینٹ نہیں بلکہ ذاتی زندگی سے جڑا ایک تنازعہ ہے، جس کے بعد انہوں نے اپنا یوٹیوب چینل اور انسٹاگرام اکاؤنٹ عارضی طور پر ڈی ایکٹیویٹ کر دیا ہے۔

حال ہی میں رجب بٹ کے خاندانی معاملات سوشل میڈیا پر کھل کر سامنے آئے، جہاں انہوں نے اپنی والدہ اور بہن کے حق میں متعدد پوسٹس شیئر کیں اور اپنی اہلیہ کے ساتھ اختلافات سے متعلق کچھ نجی چیٹس بھی منظرِ عام پر آئیں۔ ان پوسٹس کے بعد صارفین کی جانب سے شدید ردِ عمل دیکھنے میں آیا اور معاملہ تیزی سے تنازع کی صورت اختیار کر گیا۔

قریبی ذرائع کے مطابق بڑھتی ہوئی تنقید اور ذاتی معاملات کا غیر ضروری پھیلاؤ رجب بٹ کے لیے مشکل بن گیا، جس کے باعث انہوں نے نہ صرف انسٹاگرام بلکہ یوٹیوب اور ٹک ٹاک اکاؤنٹس بھی عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا۔ ایک قریبی دوست نے تصدیق کی ہے کہ یہ اکاؤنٹس مستقل طور پر ڈیلیٹ نہیں کیے گئے بلکہ رجب بٹ نے خود انہیں وقتی طور پر ڈی ایکٹیویٹ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق رجب بٹ نے یہ فیصلہ ذہنی دباؤ سے بچنے اور حالات کو بہتر انداز میں سنبھالنے کے لیے کیا ہے، اور امکان ہے کہ وہ جلد ہی سوشل میڈیا پر دوبارہ متحرک ہوں گے۔ ان کے مداحوں میں اس فیصلے پر تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ کچھ صارفین اسے ایک دانشمندانہ وقفہ قرار دے رہے ہیں۔
 
 

ٹیگز: