دریاؤں میں پانی معمول کے مطابق ہے: محسن نقوی

دریاؤں میں پانی معمول کے مطابق ہے: محسن نقوی
سورس: File

لاہور:  نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ دریائے چناب میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے جبکہ باقی دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق  ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنا بیا ن جاری کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ دریائے چناب میں اس وقت خانکی اور قادر آباد کے مقام پر ڈیڑھ لاکھ سے دو لاکھ کیوسک پانی گزر رہا ہے اور درمیانے درجے کا سیلاب ہے، تاہم پنجاب میں دیگر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ  ہر چھ گھنٹے بعد متعلقہ محکموں سے اپ ڈیٹ حاصل کر رہے ہیں۔

da874831fc869b040dff2cb4802d2ff6

دوسری جانب  نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)  کی جانب سے کہا گیا کہ مختلف موسمیاتی ماڈلز کےمطابق دریائے چناب،راوی ستلج اور منسلک نالوں بھمبر،ایک،دیگ،بین پلکھو اور بسنتر میں درمیانے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔  تاہم پانی ندی/نالوں تک محدود رہنے کا امکان ہے،جسکا ممکنہ اثر صرف دریا کنارے سے ملحق نشیبی علاقوں پر ہو سکتا ہے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے، دریاؤں،ندی نالوں سے منسلک آبادیوں کے بروقت انخلاء اور محفوظ مقامات پر منتقلی کیلئے ہدایات دے دیں۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ انتظامیہ عارضی طور پر منتقل کیے گئے افراد کا ریکارڈ رکھتے ہوئے تمام بنیادی ضروریات کا خیال رکھاجائے۔  پی ڈی ایم اے پنجاب دریائے چناب، راوی، ستلج اور منسلک نالوں کے گرد نشیبی علاقوں کے مکینوں کو بروقت اطلاع دیتے ہوئے انخلاء کو یقینی بنائے۔ ریسکیو سروسز افواج پاک،این جی اوز خطرے سے دوچار علاقوں میں ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کو یقینی بنانے کیلئے انتظامات مکمل رکھیں۔

مصنف کے بارے میں