اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مالدیپ کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عروتھشام آدم سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں باہمی دلچسپی کے معاملات سمیت علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے مالدیپ کے وزیر خارجہ کو ملک کے آئندہ 61ویں یومِ آزادی کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے خطے اور دنیا میں ہونے والی حالیہ پیش رفت پر اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔
اس موقع پر پاکستان اور مالدیپ نے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطوں اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
مالدیپ کے وزیر خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے معاملے پر پاکستان کے سفارتی کردار اور ثالثی کی کوششوں کو بھی سراہا۔