اسلام آباد: پاکستان کی میزبانی میں نویں او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کے انعقاد کے لیے رکن ممالک کے وفود کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ دو روزہ کانفرنس 12 اور 13 جولائی کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی، جس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے وزراء، اعلیٰ حکام اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے شرکت کریں گے۔
اسلام آباد پہنچنے والے معزز وفود کا استقبال وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک، پنجاب کی وزیر برائے سماجی بہبود صبا صادق، فرح ناز اکبر اور دیگر اعلیٰ حکام نے کیا۔ حکومت پاکستان نے کانفرنس میں شریک تمام وفود کو خوش آمدید کہا۔
کانفرنس کے دوران خواتین کے سماجی، معاشی اور سیاسی استحکام، ان کے حقوق، وقار اور بااختیار بنانے سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ اس موقع پر رکن ممالک خواتین کی ترقی کے حوالے سے اپنے تجربات اور کامیاب پالیسیوں کا تبادلہ کریں گے، جبکہ مشترکہ تعاون کو فروغ دینے اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی مشاورت ہوگی۔
پاکستان کو نویں او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہے۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کانفرنس کی صدارت کریں گے۔ پاکستان اس فورم کی سربراہی کرتے ہوئے خواتین کے بااختیار بنانے اور او آئی سی رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرے گا۔