Get Alerts

مجتبیٰ خامنہ ای کا والد کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان

مجتبیٰ خامنہ ای کا والد کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان

تہران: ایران کے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے صاحبزادے مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے والد کے قتل کا بدلہ لینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے میں ملوث افراد کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

اپنے تحریری پیغام میں مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ شہید سپریم لیڈر کے خون کا حساب لینا پوری قوم کی خواہش ہے اور یہ وعدہ ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف آیت اللہ خامنہ ای بلکہ دیگر تمام شہداء کے قاتلوں کو بھی انجام تک پہنچایا جائے گا اور انصاف کے تقاضے ہر صورت پورے کیے جائیں گے۔

اپنے والد کی تدفین اور آخری رسومات مکمل ہونے کے بعد جاری کیے گئے بیان میں انہوں نے ایران اور عراق میں لاکھوں افراد کی جانب سے جنازے اور تعزیتی اجتماعات میں شرکت پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ تہران، قم، مشہد، نجف، کربلا سمیت دونوں ممالک کے مختلف شہروں اور دیہات میں عوام کی بھرپور موجودگی نے قومی یکجہتی، استقامت اور انقلابِ اسلامی سے وابستگی کا بھرپور اظہار کیا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنے والد کے مشن اور نظریے کو پوری ثابت قدمی کے ساتھ آگے بڑھائیں گے اور ایران مشکلات کے باوجود اپنے اصولی مؤقف اور اہداف سے دستبردار نہیں ہوگا۔

بیان کے اختتام پر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ اس قتل کے ذمہ دار عناصر کی شناخت ہو چکی ہے اور وہ یہ گمان نہ کریں کہ قانون اور انصاف کی گرفت سے بچ سکیں گے۔ ان کے مطابق، شہداء کے خون کا حساب لینے کا عمل ہر صورت جاری رہے گا۔

ٹیگز: